حلالہ میں شوہر ثانی سے محض نکاح کافی نہیں!
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ: آسیہ بیگم نے اپنے شوہر ریاض علی سے تحریری و زبانی طلاق لی ، عدت کے دن پورے ہونے پر آسیہ بیگم نے دوسرا نکاح منور علی سے کر لیا لیکن اپنی بہن کے ذریعہ یہ طے کر لیا کہ مجھ سے ہمبستری نہ کرنا اور صبح ہوتے ہی طلاق دے دینا۔ منور علی نے آسیہ بیگم کے بدن کو ہاتھ تک نہ لگایا اور صبح کو طلاق دے دی اس کے بعد آسیہ بیگم نے پہلے شوہر ریاض علی سے پھر نکاح کر لیا۔ یہ نکاح ریاض علی سے جائز ہوا یا نہیں؟ المستفتی: معروف حسن محلہ حسین نگر ، شاہ جہان پور، یوپی
الجواب: ریاض علی نے اگر آسیہ بیگم کو تین طلاقیں دے دیں پھر تو حلالہ ضروری تھا اور حلالہ میں شوہر کا نکاح صحیح کے بعد عورت سے جماع کرنا شرط ہے۔ لہذا آسیہ بیگم اس صورت میں ریاض علی کو حلال نہ ہوئی پھر سے حلالہ لازم ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرله