گمشدہ شوہر کی بیوی کے نکاح ثانی کے لیے شرعی حکم اور انتظار کی مدت
شوہر، بیوی کو چھوڑ کر گھر سے نکل کر چلا گیا جس کو تقریباً ۸ سال کا عرصہ ہو گیا اور گھر کو نہیں آیا اور نہ طلاق ہی دے گیا تھا۔ اس کی بیوی کو شوہر کا جہاں بھی پتہ لگا، وہاں اپنے شوہر کو لینے گئی پر وہاں نہ ملا، ان باتوں سے پتہ لگا کہ وہ اس دنیا میں ہی نہیں ورنہ ۸ سال کے عرصہ میں اپنے بچوں کے پاس آتا ضرور ۔ اور اس کی بیوی نکاح کرنے کو کہتی ہے اور ۳ سال سے اس کی بیوی کو ایک شخص رکھے ہوئے ہے اور اس شخص سے ایک لڑکی پیدا ہوئی ہے اور دوسری خوشی ہونے والی ہے۔ بستی والے اس کو چھوڑے تھے پر کچھ بستی کے لوگ اس کے گھر کھاتے بھی ہیں۔ اب وہ کہتی ہے کہ میرا اس شخص سے نکاح کر دیا جائے تو اس مسئلہ میں آپ کیا فرماتے ہیں؟ فقط ، والسلام المستفتى : فضل الرحمن صاحب موضع شاہ پور بیان ، ڈاکخانہ خاص شاہ پور تھانہ فتح گنج پوربی ، بریلی
الجواب: وہ عورت اسی گمشدہ مرد کی حسب دستور بیوی ہے اور جب تک اس کی موت یا طلاق کی خبر نہ آجائے ، اسی کی بیوی رہے گی ۔ حدیث میں ہے: امرأة المفقود امرأته حتى شبها البيان ) اور ہمارے ائمہ حنفیہ کے نزدیک اسے دوسرا نکاح اس وقت تک جائز نہیں جب تک کہ اس گمشدہ کی عمر کے ۷۰ سال نہ گزر جائے یعنی اگر وہ ۴۰ برس کی عمر میں لگا تو عورت پر ۳۰ سال انتظار میں گزارنا ضروری ہے۔ جب اتنی مدت گزر جائے گی تو حاکم شرع اس کی موت کا حکم فرمائے گا اور عورت کو عدت وفات گزرنے کے بعد دوسرا نکاح حلال ہوگا۔ مگر جبکہ ضرورت شرعیہ ملجنہ متحقق ہو ( کہ بے نکاح کوئی چارہ نہ ہو) تو سیدنا امام مالک کے مذہب پر عمل کی اجازت ہے۔ ان کا مذہب یہ ہے کہ عورت حاکم شرع کے یہاں استغاثہ کرے، وہ بعد تحقیق ۴ سال کی مدت مقرر کرے گا، اس مدت میں شوہر کو طاقت بھر تلاش کیا جائے پھر جب نہ ملے تو عورت دوبارہ حاکم کے یہاں حاضر ہو، آب حاکم عدت وفات کہ ۴ / ماہ دس دن ہے، گزارنے کا حکم دے گا جس کے بعد عورت مختار ہوگی ۔ اس دور میں اعلم علماء بلد سنی صحیح العقیدہ مرجع فتویٰ حاکم شرع کے قائم مقام ہے۔ حدیقہ ندیہ میں ہے: اذا خلا الزمان من سلطان ذى كفاية فالأمور موكلة الى العلماء ويلزم الامة الرجوع اليهم ويصيرون ولاة الخ ) واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرله شب ۲۰/ذوالحجہ ۱۴۰۰ھ (1) الحديقة الندية شرح الطريقة المحمدية، النوع الثالث من انواع العلوم الثلثة، ج ۱، ص ۳۵۱، مكتبه نوریه رضویه فیصل آباد