داڑھی کتروانا منکوحہ کا غیر سے نکاح پڑھانا گناہ عظیم ہے، ان کا مرتکب امامت کے لائق نہیں
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ: (۱) زید سید ہیں اور یہ امامت کرتے ہیں اور قاضی بھی ہیں، مگر داڑھی کتر واتے ہیں اور بغیر طلاق شدہ عورت کا دوسرے سے نکاح پڑھا دیتے ہیں، جبکہ زید کو معلوم ہے کہ طلاق نہیں ہوئی ہے۔ بکر نے کہا کہ جناب سید صاحب آپ بغیر طلاق شدہ عورت کا نکاح دوسرے سے کیوں پڑھاتے ہیں؟ تو زید نے جواب دیا کہ ہمیں پیسوں سے مطلب ہے۔ لہذا ایسے قاضی کے بارے میں کیا حکم ہے؟ اور ایسے امام کے پیچھے نماز پڑھنا کیسا ہے؟ حدیث و قرآن کی رو سے جواب عنایت فرمائیں۔ (۲) اگر کوئی جان بوجھ کر ایسے امام کے پیچھے نماز پڑھے اور ایسے قاضی سے نکاح پڑھوائے ، سید ہونے کے ناطے، کہ آل رسول ہیں، تو ایسے لوگوں کے بارے میں کیا حکم ہے؟ حدیث و قرآن کی رو سے جواب عنایت فرمائیں۔
الجواب: زید کے متعلق جو باتیں درج سوال ہوئیں، وہ اگر شرعی طور پر ثابت و مشتہر ہیں تو زید کو امام بنانا حلال نہیں اور ان کی اقتدا مکروہ تحریمی اور نماز واجب الاعادہ ہے۔ زید جب تک تو بہ نہ کریں، لائق امامت نہیں ۔ واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرلہ ۷ رصفر المظفر ۱۴۰۷ھ