تیرا اور کوئی شوہر ہے، اس کے پاس چلی جا تین طلاق سے کون سی طلاق واقع ہوگی!
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ: زید ایک دن اپنی بیوی فریدہ کو اپنی خدمت کے لئے بلا یا مگر زید کی بیوی فریدہ نے زید کی خدمت سے انکار کر دیا۔ اس پر زید حالت غصہ میں اپنی بیوی فریدہ کو یوں کہا کہ تو میرے بستر پر آئی تو ایک طلاق ۔ اور اگر تو نے مجھے شوہر کہکے بلایا تو دو طلاق۔ تیرا اور کوئی شوہر ہے، اس کے پاس چلی جا تین طلاق دریافت طلب امر یہ ہے کہ زید کی بیوی پر طلاق واقع ہوئی یا نہیں ؟ بیان فرمائیں کرم ہوگا ۔ بینوا توجروا !
الجواب: صورت مسئولہ میں تین طلاقیں فریدہ پر واقع ہو گئیں اور وہ زید پر ایسی حرام ہوگئی کہ بے حلالہ زید کے لئے کبھی حلال نہ ہو گی ۔ حلالہ یہ ہے کہ فریدہ بعد عدت دوسرا جائز شوہر کرے، وہ بعد جماع جب طلاق دے دے یا اس کی موت یا عیاذ باللہ ردت سے نکاح فسخ ہو جائے تو فریدہ کا نکاح زید سے بعد عدت ہو سکے گا ۔ واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرلہ صبح الجواب ۔ واللہ تعالیٰ اعلم قاضی محمد عبد الرحیم بستوی غفرلہ القوی