روزہ نماز نہ کرنے والی اور بدزبان بیوی کے بارے میں شرعی حکم اور صبر کی فضیلت
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ: زید نے ہندہ سے نکاح ثانی کیا اس کے بعد کچھ دن ٹھیک چل کر شوہر کی نافرمانی کرنے لگی ، خاندان میں لڑائی لڑانا اور شوہر کو گالی دینا ، روزہ نماز کو کہو تو نہیں مانتی اور اپنی مرضی کے مطابق چلتی ہے۔ اگر شوہر اس کو سمجھائے تو برا بھلا کہتی ہے۔ ہر وقت لڑتی رہتی ہے ۔ اس حالت میں شریعت کا کیا حکم ہے؟ فقط ! لمستفتی: عنایت اللہ قادری روشن نگر مولوی تحصیل محمدی ضلع لکھیم پور کھیری
الجواب: شوہر کو چاہئے کہ بیوی کے آزار پر صبر کرے، ثواب پائے گا اور گالی بکنے سے حتی المقدور باز رکھنا ضرور اور روزہ نماز کا حکم دے، نہ مانے تو اس پر سختی کرے کہ نماز وروزہ کی پابند ہو جائے اور اگر پھر بھی باز نہ آئے تو طلاق دے سکتا ہے بلکہ طلاق دینا بہتر ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرلہ