شوہر طلاق کا منکر ہو تو کب ثبوت طلاق ہوگا ؟
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین ان مسائل کے بارے میں کہ: بیوی کہتی ہے کہ مجھ کو شوہر نے طلاق دے دی ہے اور طلاق ہونے کے بعد بیوی اپنے شوہر کے پاس رہتی ہے اور بیوی کے پاس کوئی گواہ بھی نہیں ہے کہ شوہر نے جس کے سامنے طلاق دی ہو۔ پر شو ہر کہتا ہے میں نے اپنی بیوی کو ہر گز طلاق نہیں دی ہے، بیوی غلط کہتی ہے۔ شرع کا کیا حکم ہے؟ کیا طلاق ہوگئی ؟ سید خالد علی قادری برکاتی ۲۰ ذیقعده ۱۴۰۱ھ
الجواب: ثبوت طلاق کے لئے شوہر کا اقرار درکار ہے یا دو مرد عادل پر ہیز گار یا ایک مرد اور دو عورتوں کی شہادت محض عورتوں کے کہہ دینے سے طلاق ثابت نہ ہوگی، جبکہ شوہر منکر ہو اور گواہان شرعی نہ ہوں۔ لیکن عورت تین طلاقیں دینے کا اقرار کرتی ہے تو اس پر فرض ہے کہ وہ شوہر سے علیحدہ ہو جائے اور اس سے ایسے بھاگے ، جیسے شیر سے، جیسے سانپ سے اور جب تک طلاق کا ثبوت نہ ہو یا شوہر دوبارہ طلاق نہ دے دے، وہ دوسرے سے نکاح نہیں کر سکتی ہے۔ والمولیٰ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرله