معتقدات حقہ کو باطل فرقوں سے تمیز و شناخت کے لئے مسلک اعلی حضرت سے تعبیر کرنا
بخدمت شریف حضرت مولانا مفتی محمد اختر رضا خاں صاحب قادری رضوی قبلہ مدظلہ العالی ! السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ کیا فرماتے ہیں علمائے اہل سنت و مفتیان شرع متین ذیل کے مسئلہ میں کہ: یہاں پر ایک مولانا صاحب یہ کہتے ہیں کہ مسلک اعلی حضرت نہیں کہنا چاہئے کیونکہ اعلیٰ حضرت کا مسلک بھی حنفی ہے مسلک حنفی یا مسلک امام اعظم کہنا چاہئے ۔ اس لئے اس کی تفصیلی معلومات کرا کے رہنمائی فرمائیے۔ مسلک مہذب کیا ؟ یہ دونوں الفاظ کے ایک ہی معنی ہیں یا جدا؟ المستفتی: محمد سرور پاشا قادری، مومن مسجد ، قول پیٹھ ،نذ رگوشت ہاسپیٹ ، بلاری، کرناٹک
الجواب: مسلک سے مراد وہ عقائد حقہ اہل سنت و جماعت ہیں جن پر محمد رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اور صحابہ کرام اور ہر زمانہ میں ائمہ دین و اولیائے کاملین قائم رہے یہاں تک کہ وہ عقائد ان حضرات کی تعلیم و تبلیغ سے ہم تک پہنچے اس کو حدیث میں سواد اعظم سے تعبیر فرمایا کہ ارشاد ہوا: اتبعوا السواد الاعظم فانه من شذ شذ في النار (1) مشكوة المصابيح، ص ۳۰ باب الاعتصام بالكتاب والسنة، مجلس بركات ان عقائد میں کسی کی تقلید نہیں کہ یہ اصول دین ہیں، تقلید فروع میں ہے اسی کے اعتبار سے اعلیٰ حضرت اور ان کے متوسلین حنفی کہلاتے ہیں پھر ان معتقدات حقہ کو باطل فرقوں سے تمیز وشناخت کے لئے مسلک اعلیٰ حضرت سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ یہاں سے فرق ظاہر ہوا اور اعتراض معترض زائل۔ اللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرله صح الجواب واللہ تعالیٰ اعلم قاضی محمد عبدالرحیم بستوی قادری غفرلہ