قبرستان میں نماز جنازہ کے لیے مخصوص جگہ پر فرض نماز ادا کرنے کا حکم
قبرستان میں ایک جگہ نماز جنازہ پڑھنے کے لئے معین ہے اور جنازہ لے کر زید گیا اور ظہر کی اذان ہونے والی ہے،صرف پانچ منٹ باقی ہیں، بکر نے کہا کہ اذان دے کر ظہر کی نماز پڑھ لی جائے ، جماعت کے ساتھ پھر یہ جنازہ پڑھا جائے ، زید نے کہا کہ جس جگہ نماز جنازہ پڑھا جائے وہاں فرض کی نماز نہیں پڑھ سکتے ۔ اس مسئلے کے بارے میں کیا خیال ہے؟ قرآن و حدیث سے مدلل و محقق جواب سے نوازیں، نوازش ہوگی ! احقر : خادم الفقر محمد شبیر قادری مسجد گلشن مصطفی، نیو گوتم نگر نمبر ۲، گوندی ممبئی
الجواب: اس جگہ نماز فرض پڑھنے میں حرج نہیں جبکہ وہ جگہ مظنه قبر ونجاست نہ ہو، سامنے قبور حائل نہ ہوں ۔ ردالمحتار میں ہے: ولا بأس بالصلاة فيها اذا كان فيها موضع أعد للصلاة وليس فيه قبر ولا نجاسة كما فى الخانية ولاقبلته الى قبر ، حلية ) واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرله ۲۲ ؍ رجب المرجب ۱۴۰۱ھ