بر بنائے عناد ترک تعلق کرنے والے کا حکم !
کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ پیش امام صاحب دو پارٹی گاؤں میں پڑ جانے سے ایک پارٹی کی طرف لگ گئے وہ پارٹی قاضی صاحب کو ہم دوسری پارٹی والوں سے مصافحہ تک نہیں کرنے دیتے ہیں اس واسطے کیا ہم ایسی صورت میں ان کے پیچھے نماز پڑھ سکتے ہیں یا نہیں کرم فرما کر شرع شریف کی روشنی میں جواب عنایت فرمائے۔ پارٹی نمبر ایک کی طرف سے قاضی صاحب پارٹی نمبر ۲ میں اگر موت ہو جاوے تو بھی وہ نماز پڑھانے نہیں جاتے ہیں۔ اس کا جواب عنایت فرمائیے۔
الجواب: اگر قاضی صاحب بے وجہ شرعی محض بر بنائے عناد دوسری پارٹی سے مصافحہ اور اسکی میت کی نماز جنازہ پڑھانے سے باز رہتے ہیں تو سخت گناہ گار ہیں تو بہ کریں اور جب تک تو بہ صحیحہ نہ کریں انکی اقتدا ممنوع ہے اور اگر کوئی وجہ شرعی ہے تو ان پر الزام نہیں یونہی اگر ایک پارٹی ان پر جبر واکراہ سے کام لیتی ہے اور انہیں اسکی مخالفت پر قدرت نہیں اور فتنہ وضرر کا صیح اندیشہ ہے تو ان پر الزام نہیں بلکہ ملزم وہی ہیں جو مانع ہیں۔ واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا قادری از هری غفرله ۱۳ شوال المکرم ۱۴۰۳ھ