زکوۃ و فطرہ کا مصرف، بیعت، قربانی کا گوشت، انگوٹھا چومنا، ٹیریکاٹ کا کفن اور ریشم کا استعمال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ (1) مدرسہ اسلامیہ میں صدقہ فطر چرم قربانی، زکوۃ وغیرہ کا روپیہ صرف کیا جارہا ہے اور نہ تو وہاں پر کوئی باہری بچے اور نہ غریب یتیم ومسکین بچوں کی تعلیم کا کوئی انتظام ہے، وہاں پر ان رقوم کا خرچ کرنا درست ہے یا نہیں ؟ صورت حال میں صدقہ فطر،زکوۃ وغیرہ ادا ہو جاتی ہے یا نہیں؟ (۲) اگر کوئی شخص کسی بزرگ سے بیعت ہے اور اس کا پیر ومرشد اس دنیائے فانی سے کوچ کر کے راہی جنت ہو گیا اور مرید اب کسی دوسرے ولی، عالم یا بزرگ سے طالب ہونا چاہتا ہے تو اسے کیا کرنا چاہئے، یا اگر پیر ومرشد بقید حیات ہے اور دوسرے بزرگ سے بیعت طالب ہونا چاہتے ہیں تو درست ہے یا نہیں ؟ اصول شرع سے مطلع فرمائیں۔ (۳) اگر کسی آدمی کا دل گوشت کھانے کو نہیں چاہتا ہے یا گوشت معدے کو برداشت نہیں ہے اور قربانی کے جانور کا گوشت کھانا مسنون ہے تو ایسے موقع پر اگر گوشت نہ کھائے تو از روئے شریعت کوئی قباحت تو نہیں؟ یا کہ قربانی کا گوشت کھانا ضروری ہے؟ مسئلہ سے آگاہ کریں۔ (۴) انگوٹھا چومنا کون کون سی جگہ پر درست ہے اور کون سی جگہ پر از روئے شریعت منع ہے؟ (۵) آج کل کا رواج ہے، ہر کس و ناکس اچھے کپڑے ٹیریکاٹ، پوسٹر وغیرہ کے کپڑے پہنا پسند کرتے ہیں کیا میت کو کفن میں ٹریکاٹ، پوسٹر کا کفن دے سکتے ہیں؟ واضح طور پر جواب مرحمت فرمائیں۔ (۲) مرد کو اپنے کپڑے، کر تہ وغیرہ کا ریشم کے دھاگے یا تار سے کشیدہ کاری کرنا جائز ہے یا نہیں؟ المستفتی: حافظ محمد ولی اللہ صدیقی نوری موضع کومٹی، پوسٹ جو گرا جیپور ضلع شاہ جہان پور
الجواب: (1) ایسی صورت میں بے حیلہ شرعی مدرسہ کو زکوۃ و فطرہ دینا جائز نہیں، نہ زکوۃ وفطرہ ادا ہوں، حیلہ شرعی یہ ہے کہ کسی فقیر مسلم کو زکوۃ فطرہ کی رقم دے دے پھر اس کی خوشی سے مدرسہ کے لئے لے لیس کمافی الدر وغیر ہ () واللہ تعالیٰ اعلم (۲) جامع شرائط بیعت سے بہر حال طالب ہونا جائز ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم (۳) گوشت کھانا ضروری نہیں ۔ واللہ تعالیٰ اعلم (۴) خطبہ اور اذان خطبہ اور تلاوت کے دوران انگوٹھے نہ چومے۔ واللہ تعالیٰ اعلم (۵) نہیں۔ واللہ تعالیٰ اعلم (1) جائز ہے جبکہ کوئی بوٹا چار انگل سے زائد نہ ہو ۔ واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرله