"خدا بھی اتر آئے گا تو بھی نہیں مانوں گا" کہنا کفر ہے، مومن کی ایذارسانی سخت نا جائز !
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتی اعظم اس بارے میں کہ: ہماری بستی ایک خالص مسلمانوں کی بستی ہے، ہم سب سنی حنفی مسلمان ہیں۔ ہماری ایک جماعت ہے۔ ہماری ایک طاقت ہے۔ ہم میں ایک شخص دیو بندی خیال کا ہے وہ ہمیشہ ہمارے اندر نفاق اور نا اتفاقی پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ہماری جماعت کو منتشر کرنے میں ہماری طاقت کو کمزور کرنے میں شب و روز کوشاں رہتا ہے۔ خفیہ ناجائز مصنوعی الزامی درخواستیں دینا اور پولس چوکی میں جھوٹے الزام بے بنیا در پورٹیں درج کرانا خود ساختہ بے اصل سوال دے کر علماء سے اپنے منشاء کے مطابق جواب حاصل کرنا ہم غریب لوگ بال بچوں کی طلب معاش کرتے ہیں اس میں خلل انداز ہونا اس کا رات دن کا مشغلہ ہے اس کے پاس معقول آمدنی ہے۔ بقدر حیثیت خود نہ کھا تانہ پیتا ہے نہ پہنتا ہے بلکہ ہم غریبوں کی ایذارسانی میں خرچ کرنا اپنا فخر سمجھتا ہے۔ ماشاء اللہ وہ شخص مذکور لا ولد بھی ہے لہذا اس کے دل میں کسی کا درد نہیں ہے بے رحیم سنگ دل ہے ہم اہل بستی اس کی حرکت ناشائستہ سے از حد پریشان ہیں، نماز روزہ دیگر احکام شرعیہ سے قطعی نا آشنا ہے حتی کہ اگر کلمہ شریف معلوم کیا جائے تو وہ بھی صحیح نہیں بتا سکتا۔ اس پر بھی اپنے آپ کو یہ سمجھتا ہے کہ مجھ سے زیادہ عقلمند کوئی نہیں ہے۔ ہم سب اہل بستی و دیگر گردو نواح کے معزز لوگوں نے اس کو اس حرکت سے باز آنے کے لئے سمجھایا تو جواب دیا کہ تم لوگ تو انسان ہو خدا بھی اتر آئیگا تو بھی میں نہیں مانوں گا ۔“ ہماری بستی کی مسجد نامکمل پڑی ہے۔ محض ان الجھنوں کی وجہ سے ہم مسجد کے تعمیری کاموں میں توجہ دینے سے قاصر ہیں۔ اور اس کا دعوی یہ بھی ہے کہ میں علمائے کرام کو نائب رسول صلی اللہ علیہ وسلم تسلیم نہیں کرتا ہوں۔ لہذا گزارش ہے کہ ہم بستی والوں کو اس شخص مذکور کے ساتھ کیا سلوک کرنا چاہئے ۔ اس کو اپنے یہاں کھلانا پلانا یا اس کے یہاں کھانا اس سے کلام سلام کا سلسلہ جاری رکھنا۔ اسکی غمی میں شریک ہونا اور اپنی خوشی وفی میں شرکت کا موقع دینا کیسا ہے؟ از روئے شریعت مطہرہ حکم صادر فرمایا جاوے۔ فقط والسلام عرض گزار خصو صاحب، موضع پہلا دیور تحصیل نواب منبج، ڈاک خانہ رکم پور ضلع بریلی
الجواب: مؤمن کو ایذا دینا سخت ناجائز ہے، خط کشیدہ جملہ کفر ہے۔ وہ شخص اپنے کلمہ ملعونہ اور اہانت علماء سے اور دیو بندیت سے جب تک تو بہ نہ کرے کوئی واقف حال اس سے علاقہ نہ رکھے ورنہ سخت گنہ گار مستحق نار ہوگا۔ واللہ تعالی اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرله