مذہب حنفی میں مفقود الخبر شوہر کا انتظار کب تک؟
گزارش ہے کہ ایک مسماۃ دلشاد بیگم ساکن ویلور تامل ناڈو ان کا شوہر عرصہ تین سال سے کچھ زائد ہو رہا ہے، لاپتہ ہے۔ اس کے دو بچے بھی ہیں۔ مسماۃ مذکور اپنا عقد ثانی کرنا چاہتی ہے ۔ اجازت ہے ؟ فتویٰ صادر فرمائیں ! سید فضل الرحمن عفی عنہ
الجواب: ہمارے مذہب حنفی میں ایسی عورت کو شوہر کی عمر کے ۷۰ سال گزر جانے تک انتظار کرنے کا حکم ہے ، جب تک یہ مدت نہ گزر جائے اور شوہر کی طلاق یا موت کا حال معلوم نہ ہو ، عورت بدستور اس کی بیوی رہے گی۔ حدیث میں ہے: امرأة المفقود امرأته حتى ياتيها البيان. (0) مگر جبکہ واقعی سچی ضرورت ملجئہ ہو تو امام مالک کے مذہب پر عمل کی اجازت ہے ۔ ان کا مذہب یہ ہے کہ عورت حاکم شرع کے حضور حاضر ہو، وہ بعد تحقیق حال ۴؍ سال کی مہلت دے گا، اس مدت میں اسے تلاش کیا جائے، پھر اگر نہ ملے تو عورت دوبارہ حاضر ہو۔ اب حاکم شرع اس کی موت کا حکم فرمائے گا۔ ۴ ماه، ۱۰ر دن عدت گزارنے کا حکم فرمائے گا جس کے بعد عورت کو اختیار ہو گا کہ جس سے نکاح جائز ہو، کرلے ۔ واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضاخاں از هری قادری غفرله ۲۸ شوال المکرم ۱۴۰۱ھ (1) نصب الرأية، كتاب المفقود، ج ۳، ص ۷۱۸، دار الكتب العلمية، بيروت