زمین و آسمان کی حرکت اور سکون سے متعلق اسلامی عقیدہ اور سائنسی نظریہ
اسلامی عقیدہ یہ ہے کہ زمین و آسمان ساکن ہیں! کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ مندرجہ ذیل میں کہ: زید کہتا ہے کہ علوم سائنس و جغرافیہ کی رو سے معلوم ہوا ہے کہ زمین برابر حرکت میں ہے اور اس کی یہ حرکت دو طرح کی ہے۔ پہلی یہ کہ زمین اپنی دھری (AKIS) پر گھوم رہی ہے اس قسم کی حرکت سے دن رات بنتے ہیں۔ زمین کا جو حصہ سورج کے سامنے ہوتا ہے وہاں دن اور جو حصہ سامنے نہیں ہوتا، وہاں رات ہوتی ہے۔ زمین کی دوسری قسم کی حرکت اپنے اس کے مدار (orbit) میں ہوتی ہے۔ جس سے موسم تبدیل ہوتے ہیں۔سال بھر میں زمین اپنے مدار میں سورج کا ایک چکر لگاتی ہے۔ زمین کی طرح دیگر سیارے بھی سورج کے چاروں طرف اپنے اپنے مداروں میں گھوم رہے ہیں۔ چاند اپنے مدار میں زمین کے چاروں طرف گھوم رہا ہے۔ از روئے شرع کیا زید کا خیال منشاء شریعت کے مطابق ہے؟ اسی طرح کی تعلیم آج کل اسکولوں و کالجوں میں دی جاتی ہے۔ اسلامی عقیدے کے مطابق کیا زمین خلاء میں رُکی ہوئی ہے یا ہر وقت گھوم رہی ہے، سورج گھوم رہا ہے یا رکا ہوا ہے۔ برائے مہربانی قرآن وحدیث کی روشنی میں مدلل جواب ارقام فرما ئیں۔ عین نوازش ہوگی ۔ فقط ۔ والسلام المستفتی: پرویز اختر (ایم ۔ ایس سی) بازار گذری، امروهه، ۲۹/اکتوبر ۱۹۸۰ء
الجواب: اسلامی عقیدہ یہ ہے کہ زمین و آسمان ساکن ہیں اور چاند سورج گردش میں ہیں۔ قال تعالى : اِنَّ اللهَ يُمسك السَّمَوتِ وَالْأَرْضَ أَنْ تَزُولَا (۱) بے شک اللہ تعالیٰ نے آسمان وزمین کو حرکت سے روک رکھا ہے۔ وقال تعالى : كُلٌّ فِي فَلَكٍ يَسْبَحُونَ (٢) ہر ایک ایک گھیرے میں پیر رہا ہے۔ اور تفصیل کے لئے اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کا رسالہ نزول آیات فرقان بسکون زمین و آسمان اور معین مبین بهر دوره شمس وسکون زمین اور فو زمین دیکھئے۔واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرلہ ۱۶ رصفر المظفر ۱۴۰۱ھ