ناجائز اولاد کا بشرط حسن خاتمہ جنت میں جانے اور اس کے احترام کا بیان
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ: زید کی پیدائش اپنی ماں کے گناہ زنا کے نتیجے میں ہوئی یعنی وہ نطفہ حرام سے پیدا ہوا بڑا ہو کر وہ اللہ کا فرماں بردار رسول کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی سنت کا پابند اور دین کے فرائض کی ادائیگی کا پابند رہا اس کے ساتھ اس نے اچھا خاصہ علم دین حاصل کیا اور سچے مسلمان کے کردار کا حامل رہا۔ (۱) کیا وہ جنت میں جاسکتا ہے اس کے باوجود کہ وہ ناجائز اولاد ہے؟ (۲) اس کے نطفہ حرام ہونے سے کیا اس کا احترام کم ہو جائیگا ؟ (۳) کیا وہ اپنے نطفے کے ناجائز ہونے کے لئے بے قصور اور بے خطا نہیں ہے؟
الجواب: ہاں وہ بشرط حسن خاتمہ جنت میں جائے گا اور اس کا احترام بشرط صلاح حال لازم ہے اور وہ اس معاملہ میں بے خطا ہے۔واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرله صح الجواب واللہ تعالیٰ اعلم قاضی محمد عبد الرحیم بستوی غفرلہ القوی دارالافتاء منظر اسلام، بریلی شریف ۱۰ / جمادی الاولی ۱۴۰۲ھ