جنازہ گاہ میں فرض نماز ادا کرنے کا حکم
جنازہ پڑھنے کی جگہ پر نماز فرض پڑھنا کیسا؟ کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ: قبرستان میں ایک جگہ نماز جنازہ پڑھنے کے لئے معین ہے اور جنازہ لے کر زید گیا اور ظہر کی اذان ہونے والی ہے، صرف پانچ منٹ باقی ہیں، بکر نے کہا کہ اذان دے کر ظہر کی نماز پڑھ لی جائے، جماعت کے ساتھ پھر یہ جنازہ پڑھا جائے ، زید نے کہا کہ جس جگہ نماز جنازہ پڑھا جائے وہاں فرض کی نماز نہیں پڑھ سکتے ۔ اس مسئلے کے بارے میں کیا خیال ہے؟ قرآن وحدیث سے مدلل و محقق جواب سے نوازیں، نوازش ہوگی۔ احقر : خادم الفقراء محمد شبیر قادری مسجد کاشن مصطفی ، نیو گوتم نظر نمبر ۲، گونڈی ممبئی
الجواب: اس جگہ نماز فرض پڑھنے میں حرج نہیں جبکہ وہ جگہ مظنہ قبر ونجاست نہ ہو، سامنے قبور حائل نہ ہوں۔ رد المحتار میں ہے: ولا بأس بالصلاة فيها اذا كان فيها موضع أعد للصلاة وليس فيه قبر ولا نجاسة كما فى الخانية ولا قبلته الى قبر حلية ) واللہ تعالیٰ اعلم فقیر محمد اختر رضا خاں از هری قادری غفرله ۲۲ ؍ رجب المرجب