لفظ 'خدا' کا اطلاق غیر اللہ پر کرنے اور اللہ تعالیٰ کو 'رام' کہنے کا شرعی حکم
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ: زید کہتا ہے کہ ”رام اور خدا میں کوئی فرق نہیں“ بکر نے کہا تم پر تجدید ایمان و نکاح و بیعت لازم ہے۔ عمرو نے جب یہ بات سنی تو کہا کہ رام خدا کو بھی کہا جاتا ہے اور پچھمن کے بھائی کو بھی اور تم زید پر تہمت لگاتے ہو تو میں رام ہی کہوں گا دیکھتا ہوں میرا کون کیا کرے گا۔ خالد جو کہ مولوی ہے جب اس سے یہ بات پوچھی گئی تو اس نے کہا کہ قصد انہیں کہہ سکتا سمجھانے کے بطور کہہ سکتے ہیں۔ لہذا دریافت طلب امر یہ ہے کہ زید، بکر عمرو خالد کے اوپر احکام شرع کیا نافذ ہوتے ہیں؟ مدلل و مفصل جواب بیان فرما ئیں ۔
الجواب: خدا مثل’اللہ‘ ذات باری تعالیٰ کا خاص نام ہے جس کا اطلاق غیر ذات خدائے برتر وقدوس پر کفر ہے۔ عالمگیریہ میں ہے: ولو قال من خدایم علی وجه المزاح یعنی خود آیم فقد کفر کذا فی التتارخانیه۔ لہذا ” رام اور خدا میں کوئی فرق نہیں ہے“، کفر در کفر کہ غیر خدا کو خدا کہنا جاننا ماننا ہے اور عمروکا اس کفر صریح کی تائید میں یہ کہنا کہ ”رام خدا کو بھی کہا جاتا ہے“، سفید جھوٹ ہے کوئی مسلمان خدا کو رام نہیں کہتا اور غیر مسلم اپنے زعم باطل پر جسے رام کہتے ہیں اور اسے پوجتے ہیں وہ ہرگز خدا نہیں ہے نہ ان کے زعم باطل اور قول باطل کا کوئی اعتبار اور جب کوئی مسلم خدا کو رام نہیں کہتا تو عمرو کا یہ قول کہ رام خدا کو بھی کہا جاتا ہے، صریح بہتان ہے جبکہ اس قول کی نسبت مسلمانوں کی طرف کرے اور اگر یہ مراد ہے کہ غیر مسلم خدا کو رام کہتے ہیں تو یہ بھی سفید جھوٹ ہونے کے علاوہ کفار کے قول سے استناد اور حجت لانا ہے اور یہ نرے جھوٹ سے بھی زیادہ سخت ہے کہ کفار کے فعل وقول کا استحسان ہی کفر ہے کمافی غمز العیون والہندیہ وغیرہا۔ تو اس سے استناد بدرجہ اولیٰ کفر ہے پھر جس طرح خدا کا اطلاق غیر خدا پر کفر ہے اور وجہ وہی کہ خدا اللہ تعالیٰ کا خاص نام ہے یونہی کسی ایسے لفظ کا اطلاق (جو غیر خدا کے لئے خاص ہو) خدا پر بداہۃ کفر ہے، مثلاً زید وعمرو کہ بندگان خدا کے لئے خاص ہیں اگر کوئی خدا کوزید وعمرو کہے، ضرور اس پر حکم کفر ہوگا تو بدرجہ اولی رام کو خدا کہے یا خدا کو رام کہے بہر حال کفر ہے اور عمرو اپنی ہٹ سے زید کی طرح کافر بے دین ہے ان دونوں پر تجدید ایمان وغیرہ فرض ہے اور خالد کا بھی وہی حکم ہے ”لأن الرضا بالكفر کفر“۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔ فقیر محمد اختر رضا خاں ازهری قادری غفرله۔ ۱۶ صفر المظفر ۱۴۰۸ھ۔